پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا عزم ظاہر کیا اور عوام کے ساتھ تفرقہ پیدا کرنے کی اجازت نہ دینے کا اعلان کیا۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاک فوج نے دہشت گردی، جرائم اور سیاسی مفادات کے درمیان گٹھ جوڑ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سرپرستی یافتہ تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے ساتھ فیصلہ کن اور بغیر کسی رعایت کے نمٹا جائے گا۔ فوج اور عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کسی کو ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت 273ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونے والے شہریوں کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
فورم نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور آرمی چیف نے مسلح افواج کی جرات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور پاک فوج کی مشترکہ کوششوں سے ملک استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے۔
کانفرنس میں اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی پر زور دیا گیا۔ قومی یکجہتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے حکومت بلوچستان کے ترقیاتی اقدامات کو سراہا اور قومی ایکشن پلان کے تحت دیگر علاقوں میں بھی عوامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
کانفرنس کے شرکاء نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی توثیق کی۔ غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینی ریاست کے لیے قابل اعتماد راستے کا مطالبہ کیا گیا۔













