عمران خان نے مذاکرات کی ذمہ داری محمود خان اچکزئی اور ناصر عباس کو دی ہے۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے مذاکرات کی ذمہ داری محمود خان اچکزئی اور ناصر عباس کو سونپی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر محمود خان اچکزئی کے پاس مینڈیٹ موجود ہے تو وہ مذاکرات کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے خیبر پختونخوا کی قیادت کو اسٹریٹ موومنٹ کا پیغام پہنچا دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے حکومت کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومتیں اس طرح نہیں چلتیں اور ملک پہلے ہی سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال ختم ہونے سے پہلے ملاقات ہونی چاہیے تاکہ حالات میں بہتری کی کوئی صورت نکل سکے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بشریٰ بی بی کی فیملی کو ملاقات کی اجازت نہ ملنے سے عوام میں غلط پیغام جا رہا ہے، جو مزید پیچیدگیاں پیدا کر سکتا ہے۔














