بلوچستان میں ایک سال کے دوران 707 دہشت گرد ہلاک جبکہ 202 اہلکار شہید ہوئے۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ صوبے میں آپریشنز اور اہلکاروں کی شہادتوں سے متعلق رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شفقات نے بتایا کہ اس سال بلوچستان میں 78 ہزار انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں 707 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
حمزہ شفقات نے کہا کہ ان کارروائیوں میں 202 سکیورٹی فورسز کے اہلکار شہید اور 280 شہری جاں بحق ہوئے۔ خاران میں ایک کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد گرفتار کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برس کی نسبت اس سال بہتر حکمت عملی کے باعث سکیورٹی فورسز پر حملے کم ہوئے ہیں۔ دہشت گردوں کی جانب سے عام عوام پر حملے بھی شروع کیے گئے ہیں۔
حمزہ شفقات کے مطابق رواں برس کی سب سے بڑی کامیابی امریکہ کی جانب سے بلوچستان لبریشن آرمی کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا ہے۔ انٹرپول کے ذریعے دیگر ممالک میں موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کی جائیں گی۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایہ نے بتایا کہ اکتوبر میں خاران میں ایک ایس ایچ او کو شہید کیا گیا۔ دہشت گردوں نے انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی مگر مزاحمت پر انہیں شہید کردیا گیا۔ دہشت گرد گروپ کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔















