رات میں لوڈ شیڈنگ کی اصل وجہ سامنے آگئی، بجلی کی پیداوار میں کمی

وزارتِ توانائی نے کہا ہے کہ آر ایل این جی کی عدم دستیابی سے بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے رات میں عارضی لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
رات میں لوڈ شیڈنگ کی اصل وجہ سامنے آگئی، بجلی کی پیداوار میں کمی

اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) وزارتِ توانائی نے بتایا ہے کہ آر ایل این جی (RLNG) کارگو کی بروقت عدم دستیابی کی بنا پر بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔ گیس کی کمی کی وجہ سے رات کے اوقات میں عارضی لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے۔

ترجمان وزارتِ توانائی نے کہا کہ آر ایل این جی کی عدم دستیابی سے 3600 میگاواٹ بجلی پیدا نہیں ہو رہی۔ اس کے علاوہ، منگلا ڈیم سے بھی 195 میگاواٹ بجلی کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے، جس سے بجلی کی فراہمی پر اضافی دباؤ ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق، رات کے پیک اوقات میں ڈیڑھ سے 3 گھنٹے تک عارضی لوڈ مینجمنٹ کی گئی ہے، اور بجلی کی طلب پوری کرنے کے لیے فرنس آئل پاور پلانٹس بھی فعال کیے گئے ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ آر ایل این جی کارگو کی آمد کے بعد عارضی لوڈ مینجمنٹ میں کمی کی جائے گی۔ پاور ڈویژن بھی بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے آر ایل این جی کارگو کا انتظار کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ وزارتِ توانائی نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ رات کے اوقات میں بجلی کا استعمال معتدل رکھیں، جبکہ دن کے اوقات میں ملک بھر میں کوئی لوڈ مینجمنٹ نہیں کی جا رہی۔

دیگر متعلقہ خبریں