راول شرجیل میمن نے ملک سے فرار کی افواہوں کو بےبنیاد قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا مہم کی تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناؤ نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے بیٹے راول شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ان کی پاکستان سے فرار ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں ہی موجود ہیں۔
راول شرجیل میمن نے گلستان جوہر میں واقع گیسٹ ہاؤس کو اپنے یا اپنے والد کی ملکیت قرار دینے کی بھی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف مہم بظاہر سیاسی صفحات سے شروع ہوئی۔
راول نے سوشل میڈیا پر جاری مہم کی تفتیش کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ایسے الزامات بغیر ثبوت کے نہیں لگائے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سوگوار خاندان کے جذبات کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ شرجیل انعام میمن نے بھی سوشل میڈیا مہم کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سے رجوع کیا تھا۔ انہوں نے الزامات کو جھوٹا اور بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ اس معاملے پر شرجیل میمن کی درخواست 9 اگست کو جمع کرائی گئی تھی جس میں سوشل میڈیا پر الزامات کی آزادانہ تحقیقات کی درخواست کی گئی تھی۔















