گجرات کی ریٹائرڈ خاتون 175 روپے کے ریفنڈ کی کوشش میں 1 لاکھ 91 ہزار روپے کے سائبر فراڈ کا شکار ہوگئیں۔
راجکوٹ: (رائیٹ ناؤنیوز) بھارتی ریاست گجرات کے شہر راجکوٹ میں ایک 63 سالہ ریٹائرڈ خاتون 175 روپے کے ریفنڈ کے لئے بڑے سائبر فراڈ کا شکار ہوگئیں۔ دھوکے باز نے خود کو آن لائن گروسری ڈیلیوری پلیٹ فارم کے نمائندے کے طور پر ظاہر کیا اور خاتون سے 1 لاکھ 91 ہزار روپے ہتھیا لئے۔
خاتون نے ایک معروف گروسری ڈیلیوری پلیٹ فارم سے دودھ کے 5 پیکٹ منگوائے تھے۔ آرڈر خراب ہونے پر انہوں نے گوگل پر کمپنی کے کسٹمر کیئر نمبر کی تلاش شروع کی۔ ایک نمبر پر رابطہ کرنے پر اسماعیل انصاری نامی شخص نے خود کو کمپنی کا نمائندہ ظاہر کیا۔
پولیس کو دی گئی شکایت کے مطابق اسماعیل انصاری نے خاتون کا اعتماد جیتا اور کہا کہ ریفنڈ یو پی آئی کے ذریعے دیا جائے گا۔ اس نے خاتون کو ایک اے پی کے فائل بھیجی اور مختلف بینک اکاؤنٹس میں 1 لاکھ 91 ہزار روپے منتقل کروا لئے۔
خاتون کو دھوکہ دہی کا احساس ہونے پر انہوں نے سائبر ہیلپ لائن پر شکایت درج کرائی۔ راجکوٹ سائبر کرائم پولیس نے اس معاملے کی ایف آئی آر درج کرکے دھوکہ دہی اور آئی ٹی ایکٹ کی دفعات کے تحت تحقیقات شروع کردی ہیں۔
یاد رہے کہ آن لائن کسٹمر کیئر نمبر تلاش کرتے وقت احتیاط ضروری ہے۔ ہر فون نمبر کمپنی کا سرکاری نمبر نہیں ہوتا۔ نامعلوم افراد کی بھیجی گئی اے پی کے فائل یا ایپ مالی نقصان کا باعث بن سکتی ہیں۔















