ٹیکساس یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق، ناشتہ کرنے سے فائبر، آئرن اور زنک کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے، جبکہ چکنائی اور میٹھے کا استعمال کم ہوتا ہے، جو صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔
ٹیکساس: (رائیٹ ناؤنیوز) ٹیکساس یونیورسٹی کی تحقیق نے ناشتے کو دن کی اہم ترین غذا قرار دیا ہے۔ تحقیق کے مطابق، ناشتہ لوگوں کو متوازن غذا کے استعمال میں مدد دیتا ہے۔
تحقیق میں 128 نوجوان شامل تھے جو عموماً ناشتہ نہیں کرتے تھے۔ انہیں تین گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ ایک گروپ نے ناشتہ نہیں کیا، جبکہ دوسرے گروپ نے 15 گرام پروٹین اور تیسرے نے 30 گرام پروٹین کے ساتھ ناشتہ کیا۔
ان افراد کو دن بھر جو چاہے کھانے کی اجازت تھی، مگر ناشتے کرنے والے افراد نے فائبر، آئرن اور زنک زیادہ مقدار میں استعمال کیا۔
ناشتہ کرنے والے افراد نے چکنائی اور میٹھے کا کم استعمال کیا، جس سے دائمی امراض کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکن سوسائٹی فار نیوٹریشن کے اجلاس میں یہ تحقیق پیش کی گئی، جس نے ناشتے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔















