پنجاب میں آئندہ ہفتے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناؤنیوز) محکمہ موسمیات نے پنجاب میں آئندہ پانچ روز تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جڑواں شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور شہر میں تیز ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔ اس وقت شہر کا درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جو زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری تک جا سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے موسلا دھار بارش کے دوران ندی نالوں میں طغیانی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو مراسلہ جاری کیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شہریوں کو برساتی نالوں، ندی، بجلی کے کھمبوں اور خستہ حال عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے بھی وقفے وقفے سے بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں بارشوں کی وجہ سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔ شہریوں کے لیے بارشوں کا یہ سلسلہ خوش آئند ثابت ہو رہا ہے۔














