پنجاب میں ایگریگیٹر سسٹم کے ناکام ہونے پر لاکھوں ٹن گندم سندھ اور کے پی منتقل ہوگئی، وفاقی حکومت نے 10 لاکھ ٹن گندم امپورٹ کا اعلان کیا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناؤ نیوز) پنجاب میں گندم خریداری کے لیے متعارف کردہ ایگریگیٹر سسٹم ناکام ہوگیا ہے۔ حکومت 15 لاکھ ٹن گندم خریداری کا ہدف حاصل نہیں کرسکی۔ فصل کی کٹائی کے بعد کسانوں کو 3000 سے 3100 روپے قیمت ملی۔
حکومت نے آئندہ گندم خریداری کے لیے کثیر الجہتی نظام کی تیاری شروع کردی ہے۔ اس میں ایگریگیٹرز کے ساتھ ای ڈبلیو آر سسٹم بھی شامل ہوگا۔ محکمہ خوراک کی تنظیم نو پر بھی غور جاری ہے۔
ماہرین کے مطابق 11 منتخب کمپنیوں کے ساتھ ایگریگیٹرز کا تجربہ کیا گیا تھا۔ کمرشل بنکوں کی جانب سے اعتراضات کے باعث خریداری میں تاخیر ہوئی۔ گندم کی قیمت 3500 روپے تک پہنچ گئی۔
سرکاری چیک پوسٹوں کے باوجود لاکھوں ٹن گندم سندھ اور خیبر پختونخوا منتقل ہوگئی۔ وفاقی حکومت نے 10 لاکھ ٹن گندم امپورٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ قیمتیں کم نہیں ہوئیں۔
یاد رہے کہ یہ پہلی دفعہ ہے کہ گندم کی فصل آنے کے دو تین ماہ کے اندر ہی درآمد کرنی پڑ رہی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں قیمتیں مزید بڑھ چکی ہیں۔













