ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ معاہدے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں، تاہم جوہری ہتھیاروں کی روک تھام یقینی بنائی جائے گی۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناؤنیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اس وقت امریکا سے رابطے میں ہے اور معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایران کی بات سننے کے لیے تیار ہیں۔
ٹرمپ نے کوریسپونڈینٹس ڈنر کی تقریب میں کہا کہ معاہدے کے لیے وقت مناسب نہیں، مگر مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔
ٹرمپ نے بتایا کہ امریکی کارروائیوں سے ایران کی فوجی صلاحیت کو نقصان پہنچا، ایران کی بحری اور فضائی طاقت تقریباً ختم ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق سیکڑوں طیارے، کشتیاں اور ڈرون تباہ ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے اوول آفس میں کہا تھا کہ ایران مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہے مگر ڈیل کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے حوالے سے دو آپشنز ہیں: حملے جاری رکھیں یا معاہدہ کریں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ سعودی عرب کو ابراہم اکارڈ کا حصہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ چین اور روس نے ایران کو ہتھیار نہ دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔















