روس نے یوکرین تنازع کے حل کے لیے مذاکرات کی آمادگی ظاہر کی، لیکن فوجی آپریشن جاری رہے گا۔
ماسکو: (رائیٹ ناؤ نیوز) روس نے یوکرین تنازع کے حل کے لیے مذاکرات کی آمادگی ظاہر کی ہے، لیکن یوکرین میں فوجی آپریشن جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ کیف کو یورپی حمایت حاصل ہونے کی وجہ سے روس اپنے خصوصی فوجی آپریشن کو برقرار رکھے گا۔
پیسکوف نے روزانہ کی پریس بریفنگ میں بتایا کہ روس مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم یورپی ممالک کیف حکومت کی حمایت کر رہے ہیں، اس لیے ماسکو اپنا خصوصی فوجی آپریشن جاری رکھے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ روسی افواج میدانِ جنگ میں مثبت پیش رفت کر رہی ہیں اور صورتحال حوصلہ افزا ہے۔
کریملن کے ترجمان نے کہا کہ روس اور امریکا کے درمیان یوکرین کے معاملے پر رابطے برقرار ہیں، مگر اس وقت تنازع کے حل کی کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ورکنگ چینلز کے ذریعے امریکا کے ساتھ رابطے جاری ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ امید ہے کہ امریکی مذاکرات کار اپنی مصروفیات کے بعد ماسکو کا دورہ کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست مذاکرات شروع کیے جا سکیں۔
یاد رہے کہ روس جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کی پالیسی پر قائم ہے، اور اس کے مطابق ہر ملک کو پُرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے استعمال کا حق حاصل ہونا چاہیے۔















