جاوید شیخ نے انکشاف کیا کہ انہیں ایک فلم سے نکال کر فیصل رحمان کو کاسٹ کیا گیا، بعد میں ‘چوروں کا دشمن’ میں ان کی واپسی ہوئی۔
لاہور: (رائیٹ ناؤ نیوز) سینئر اداکار جاوید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ایک فلم سے نکال کر اداکار فیصل رحمان کو شامل کیا گیا، جس پر وہ بہت روئے۔ یہ انکشاف انہوں نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں کیا۔
جاوید شیخ نے بتایا کہ فلم ‘دھماکا’ کے فلاپ ہونے کے بعد انہیں بطور ہیرو کام نہیں ملا۔ اس دوران وہ گاڑیوں کا کام کرتے رہے اور چھوٹے موٹے رول ہی ملتے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فلم ‘بیوی ہو تو ایسی’ کے لیے انہیں سیکنڈری رول کی پیشکش ہوئی تھی۔ شوٹنگ کے چھٹے دن انہیں بتایا گیا کہ ڈسٹری بیوٹر نے فیصل رحمان کو لے لیا ہے، جس پر وہ بہت روئے۔
جاوید شیخ نے مزید کہا کہ 5 سال بعد ‘ان کہی’ ڈرامہ آیا جس میں انہیں ہیرو لیا گیا، یہ ڈرامہ بہت ہٹ ہوا اور بھارت میں بھی مقبول ہوا۔
واضح رہے کہ جس پروڈیوسر نے جاوید شیخ کو فلم سے نکالا تھا، بعد میں انہوں نے اپنی نئی فلم ‘چوروں کا دشمن’ میں انہیں شامل کرلیا۔ فیصل رحمان کو نکال کر جاوید شیخ کو ہیرو کے طور پر لیا گیا۔















