وادی نیلم اور مانسہرہ میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث ندی نالوں میں طغیانی سے مکانات اور دکانیں متاثر ہوئیں جبکہ این ڈی ایم اے نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناؤ نیوز) راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش ہوئی۔ وادی نیلم اور مانسہرہ میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آنے سے متعدد مکانات اور دکانیں متاثر ہوئیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 23 جولائی تک مشرقی دریاؤں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور بالائی پنجاب میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور NDMA ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپلی کیشن ڈاؤنلوڈ کریں تاکہ بروقت الرٹ اور حفاظتی ہدایات حاصل کی جا سکیں۔
واضح رہے کہ دریائے چناب اور دریائے جہلم میں بھی سیلابی ریلوں کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں فلیش سیلاب اور ہل ٹورنٹس کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔















