17 سالہ فلسطینی فٹبالر فادی النعسان اسرائیلی آبادکاروں کے حملے میں زخمی ہوکر انتقال کر گیا۔ مغربی کنارے کی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
رام اللہ: (رائیٹ ناؤنیوز) مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملے کے دوران 17 سالہ فلسطینی فٹبالر فادی حمداللہ النعسان گولی لگنے سے زخمی ہوگیا تھا، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گیا۔ فلسطینی حکام کے مطابق فادی ایک ہفتے تک ہسپتال میں زیرِ علاج رہا، مگر جانبر نہ ہو سکا۔
فادی النعسان مقامی المغیر کلب کے کھلاڑی اور قومی انڈر 17 فٹبال ٹیم کے رکن تھے۔ ان کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ان کا جسد خاکی رام اللہ سے ان کے آبائی گاؤں المغیر پہنچا کر دفن کیا گیا۔
فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن نے بتایا کہ 11 جولائی کو اسرائیلی آبادکاروں کے حملے کے دوران فادی کو گولی لگی تھی۔ ڈاکٹروں نے ان کی ٹانگ کاٹنی پڑی، لیکن وہ زخموں کی شدت برداشت نہ کر سکے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے مطابق اکتوبر 2023 میں غزہ جنگ کے بعد مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملے بڑھ گئے ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک 1,088 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے میں 34 نئی آبادکاریوں کے قیام کے لیے 434 ملین ڈالر کے بجٹ کی منظوری دی ہے، جسے بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی قرار دیا جاتا ہے۔














