ٹرمپ انتظامیہ نے ویزا قوانین سخت کرتے ہوئے غیر ملکی طلبا اور صحافیوں کے قیام کی مدت محدود کر دی، چینی صحافیوں کے لیے خصوصی شرائط۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناؤ نیوز) ٹرمپ انتظامیہ نے غیرملکی طلبا، صحافیوں، اور ثقافتی تبادلے کے شرکا کے لیے ویزا قوانین سخت کر دیے ہیں۔ یہ نئے قوانین طلبا کو زیادہ سے زیادہ 4 سال کا ویزا فراہم کرتے ہیں جبکہ تعلیم مکمل ہونے کے بعد 30 دن کے اندر امریکا چھوڑنے کی شرط عائد کرتے ہیں۔
غیر ملکی صحافیوں کے لیے بھی ویزا کی شرائط تبدیل کر دی گئی ہیں۔ چینی صحافیوں کے لیے ویزا مدت 90 دن تک محدود کر دی گئی ہے جبکہ دیگر غیر ملکی صحافیوں کے لیے 240 دن کا ویزا مقرر کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی طلبا کے لیے ایف ویزا اور تبادلے کے پروگرام کے جے ویزا کی مدت زیادہ سے زیادہ 4 سال ہوگی۔ نئے قوانین کے تحت گریجویٹ طلبا کو دوران تعلیم مضمون تبدیل کرنے یا دوسرے ادارے میں ٹرانسفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
امریکی محکمہ داخلہ نے بتایا ہے کہ سال 2024 میں 18 لاکھ سے زیادہ اسٹوڈنٹ ویزے جاری کیے گئے جو پچھلے سال کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہیں۔
یاد رہے کہ یہ اقدامات امریکا کی قومی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں تاکہ غیرملکی شہریوں کی نگرانی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔















