امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ تنازع کا حل فوجی کارروائی نہیں بلکہ مذاکرات ہیں۔ انہوں نے ایران میں حکومت کی تبدیلی کے لیے زمینی فوج بھیجنے کی خبروں کی تردید کی ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناؤ نیوز) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ تنازع کا حل فوجی کارروائی نہیں بلکہ مذاکرات ہیں۔ انہوں نے پوڈ کاسٹ انٹرویو میں کہا کہ ایران سے مذاکرات کی مخالفت کرنے والوں کے پاس کوئی مؤثر منصوبہ نہیں۔
جے ڈی وینس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ امریکا ایران میں حکومت کی تبدیلی کے لیے زمینی فوج نہیں بھیجے گا۔ ان کے مطابق ایرانی عوام کا اختیار ہے کہ وہ اپنے نظام میں تبدیلی کریں یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کی ترجیح آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنا اور عالمی تیل و گیس کی ترسیل یقینی بنانا ہے۔ ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا ایک قلیل مدتی مقصد تھا۔
جے ڈی وینس نے بتایا کہ اسرائیلی حکومت کے بعض عناصر نے ایران کے معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے لیے امریکا میں اثر و رسوخ کی مہم چلائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ امریکی مفادات کو اولین ترجیح دیں گے۔
واضح رہے کہ امریکی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے ایران میں زمینی فوج بھیجنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ یہ بیان امریکی اہلکاروں کے حوالے سے سامنے آیا تھا۔















