سعودی عرب نے ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد غیر قانونی قیام پر 50 ہزار ریال جرمانہ اور 6 ماہ قید کی سزا کا اعلان کیا ہے۔
ریاض: (رائیٹ ناؤ نیوز) سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ویزے کی مدت ختم ہونے کے بعد ملک میں غیر قانونی قیام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ وزارت نے بتایا ہے کہ ایسے افراد پر 50 ہزار ریال جرمانہ اور 6 ماہ قید کی سزا عائد کی جائے گی۔
پیر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقررہ وقت پر روانہ نہ ہونے والوں کو سعودی قوانین کے تحت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔ ایسے افراد کو بعد ازاں ملک بدر بھی کیا جا سکتا ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ سعودی عرب امیگریشن قوانین پر سختی سے عمل کر رہا ہے اور خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اقامہ، لیبر اور سرحدی قوانین کی مکمل پابندی یقینی بنائیں۔
سعودی وزارت داخلہ نے غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ویزے کی مدت کا خیال رکھیں اور بروقت ملک سے روانہ ہوں تاکہ قانونی کارروائی سے بچ سکیں۔
یاد رہے کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی صوبے میں ایسی خلاف ورزیوں کی اطلاع 911 پر دی جا سکتی ہے جبکہ دیگر علاقوں میں 999 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔













