موٹروے ایم-5 پر جدید آئی ٹی ایس نظام کی مدد سے 47 مقدمات میں مطلوب خطرناک مسلح ملزم گرفتار کرلیا گیا، جو بہاولپور میں ڈکیتی میں بھی مطلوب تھا۔
لاہور: (رائیٹ ناؤنیوز) موٹروے ایم-5 پر جدید آئی ٹی ایس نظام کے ذریعے 47 مقدمات میں مطلوب خطرناک مسلح ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ یہ کامیابی موٹروے پولیس کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے حاصل ہوئی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق گرفتار ملزم بہاولپور کے حاصل پور میں 85 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے مقدمے میں بھی مطلوب تھا۔ مشتبہ گاڑی کی نشاندہی کے بعد موٹروے پولیس نے ناکہ بندی کی اور ملزم کو سنسنی خیز تعاقب کے بعد گرفتار کیا۔
ملزم کے قبضے سے 10 سولر انورٹر، 2 لیتھیم بیٹریاں، 1 لاکھ 36 ہزار روپے نقد، پستول، 10 گولیاں اور جعلی نمبر پلیٹس برآمد ہوئی ہیں۔ برآمد شدہ گاڑی بھی بہاولپور میں دکان چوری کے مقدمے میں مطلوب تھی۔
ملزم، گاڑی اور برآمد شدہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے اُچ شریف پولیس اور سی سی ڈی بہاولپور کے حوالے کردیا گیا ہے۔ اس کارروائی سے موٹروے پر بڑھتی ہوئی جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ موٹروے ایم-5 پر آئی ٹی ایس نظام نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس سے عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔














