ایران نے آبنائے ہرمز بند کر دی، باقر قالیباف نے امریکہ کو خبردار کیا کہ وعدہ خلافی کی قیمت چکانی پڑے گی۔
تہران: (رائیٹ ناؤ نیوز) ایران نے آبنائے ہرمز کو مکمل بند کر دیا، پارلیمانی سپیکر باقر قالیباف نے یکطرفہ معاہدوں کے خاتمے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ کو خبردار کیا گیا تھا کہ وعدے پورے نہ کرنے کی قیمت چکانی پڑے گی۔
باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پر کہا کہ امریکہ نے دھونس اور طاقت کے زور پر وعدہ خلافی کی، جس کا جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز صرف ایرانی انتظامات کے تحت کھل سکتی ہے۔
ایران کے انقلابی گارڈز کی بحریہ نے اعلان کیا کہ آبنائے ہرمز کو غیر ملکی مداخلت کے بعد اگلے حکم تک بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی غیر قانونی راستے کی کوشش کا سخت جواب دیا جائے گا۔
آئی آر جی سی بحریہ نے بتایا کہ متعدد بحری جہازوں نے انتباہ کے باوجود اپنا رخ درست نہیں کیا، جس کی وجہ سے ان کو روک لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی مداخلت ختم ہونے تک جہازوں کو گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یاد رہے کہ ایران نے امریکہ کو خبردار کیا تھا کہ اگر خلاف ورزی کی گئی تو خطے میں موجود دشمن کے اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔















