وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اوپن وائی فائی منصوبے کا آغاز کرتے ہوئے سرکاری مقامات پر مفت وائی فائی کی فراہمی کا اعلان کیا۔
پشاور: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے خیبرپختونخوا اوپن وائی فائی منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر پشاور کے سرکاری اسپتالوں اور پبلک ٹرانسپورٹ مقامات پر مفت وائی فائی فراہم کی جائے گی۔
پہلے مرحلے میں پشاور کے اہم سرکاری مقامات پر یہ سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ اگلے مرحلے میں دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز تک توسیع دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری جامعات اور کالجوں میں بھی مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ خیبرپختونخوا 70 سے 80 فیصد ڈیجیٹل گورننس کی طرف بڑھ چکا ہے۔ حکومت سرکاری خدمات کو پیپر لیس بنانے پر کام کر رہی ہے تاکہ عمران خان کے وژن کے مطابق ڈیجیٹل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے انٹرنیٹ کی رفتار کم کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوانوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔
واضح رہے کہ ضم اضلاع میں ابھی بھی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت عوامی خدمت کو اولین ترجیح دیتی ہے اور مالی سال 2026-27 ترقی اور خوشحالی کا سال ہوگا۔















