اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ جاری ہے اور مزید اقدامات کی ضرورت ہے، جبکہ امن معاہدوں کے مواقع سے بھی فائدہ اٹھانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
تل ابیب: (رائیٹ ناؤنیوز) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران، حماس اور حزب اللہ کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں مگر جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی پراکسیز کے خلاف مزید اقدامات لازمی ہیں۔
انہوں نے اسرائیل کے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جنگیں کبھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوتیں اور مشرقِ وسطیٰ میں محفوظ رہنے کے لیے مضبوط اور چوکنا رہنا ہوگا۔
نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے اپنے دشمنوں کو نمایاں حد تک کمزور کر دیا ہے مگر ابھی بھی بہت سا کام باقی ہے۔ ایرانی محور کے باقی عناصر سے نمٹنا ضروری ہے اور امن معاہدوں کے مواقع سے بھی فائدہ اٹھانا ہوگا۔
انٹرویو کے دوران نیتن یاہو سے مستقبل میں امن معاہدوں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کسی خاص ملک کا نام نہیں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نتائج دکھانا چاہتے ہیں اور وقت آنے پر سب دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ میں امن معاہدوں کی کوششیں جاری ہیں اور لبنان کے ساتھ بھی پیشرفت ہوئی ہے۔















