آئی ایم ایف کی مخالفت کے باوجود حکومت کا موقف ہے کہ ٹیکسوں میں کمی سے پراپرٹی مارکیٹ میں سرگرمیاں بڑھیں گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) وفاقی حکومت نے بجٹ 27-2026 میں جائیداد خرید و فروخت پر ٹیکس کی کمی کی تجاویز تیار کی ہیں۔ ان تجاویز کا مقصد رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کو فروغ دینا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ فائلرز کے لیے غیر منقولہ جائیداد خریدنے پر ٹیکس 1.5 فیصد سے کم کرکے 0.25 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اسی طرح فروخت پر ٹیکس 4.5 فیصد سے کم کرکے 1.5 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
اس معاملے پر آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری ہیں، تاہم آئی ایم ایف ٹیکس میں کمی کی تجاویز کی مخالفت کر رہا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ٹیکسوں میں کمی سے پراپرٹی مارکیٹ میں سرگرمیاں بڑھیں گی۔
سرکاری حکام کے مطابق ٹیکس کمی سے مجموعی ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوگا اور سرمایہ کاری میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
یاد رہے کہ حکومت نے اس سے قبل بھی رئیل اسٹیٹ کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں تاکہ معیشت مستحکم ہو سکے۔














