ٹانک میں بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ نے حملہ کیا، جس میں 15 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناؤ نیوز) ٹانک میں دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کرتے ہوئے بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں 15 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔ جوابی کارروائی میں 12 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ ‘فتنہ الخوارج’ کے دہشت گردوں نے 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب ضلع ٹانک میں سیکیورٹی اہلکاروں کی مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔
حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کے سیکیورٹی حصار کو توڑنے کی کوشش کی، مگر سیکیورٹی فورسز کی فوری کارروائی نے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا، اور فرار ہونے والے خوارج کو نشانہ بنا کر 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
حملے کے دوران بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی گئی، جس سے چیک پوسٹ کو شدید نقصان پہنچا۔ شہید ہونے والے 15 افراد میں فوج کے 12 جوان، 2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک عہدیدار شامل ہیں۔
یاد رہے کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔















