پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے 47 ارب روپے کی اووربلنگ کا انکشاف کیا، جس میں 2 لاکھ 78 ہزار صارفین متاثر ہوئے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیاں 47 ارب روپے کی اووربلنگ میں ملوث پائی گئیں۔ یہ اووربلنگ بجلی چوری اور لائن لاسز چھپانے کے لیے کی گئی۔
لگ بھگ 2 لاکھ 78 ہزار 649 صارفین کو ایک ماہ میں اضافی بلز ملے۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے 45 ارب روپے جبکہ پشاور کمپنی نے 1.56 ارب روپے کی اووربلنگ کی۔
پاور ڈویژن کے سیکرٹری نے بتایا کہ اس مسئلے کو روکنے کے لیے اسمارٹ میٹرز اور ٹرانسفارمر بیسڈ میٹرنگ سسٹم نصب کیے جا رہے ہیں۔
اووربلنگ پر قابو پانے کے لیے کمپنیوں نے رینجرز کی مدد سے بجلی چوری کو کافی حد تک کم کیا ہے۔
یاد رہے کہ حیدرآباد کمپنی میں جعلی ملازمین کو ادائیگیوں کے ذریعے 1.06 ارب روپے کی خردبرد بھی سامنے آئی تھی۔













