این ہیتھوے کو لندن میں مداح نے قرآن پاک کا تحفہ دیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ہالی وڈ اداکارہ این ہیتھوے کو فلم ‘دی ڈیول ویئرز پراڈا 2’ کے پریمیئر کے دوران مداح کی جانب سے قرآن پاک کا تحفہ دیا گیا۔ یہ واقعہ لندن میں پیش آیا جہاں بڑی تعداد میں مداح اداکارہ سے ملاقات کے لیے موجود تھے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں این ہیتھوے کو مداحوں کے ساتھ تصاویر کھنچواتے اور آٹوگراف دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک مداح نے انہیں قرآن پاک کا تحفہ دیا جسے اداکارہ نے خوش دلی سے قبول کیا اور مداح کا شکریہ ادا کیا۔
مداح نے این ہیتھوے سے گفتگو میں بتایا کہ اس نے اداکارہ کو ایک انٹرویو میں انشاءاللہ کہتے سنا تھا جس کے بعد تحفہ دینے کا فیصلہ کیا۔
اداکارہ نے مداح کے ساتھ تصویر بھی لی۔ اس واقعے کو مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر بہت سراہا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ این ہیتھوے نے ایک انٹرویو میں اپنی مستقبل کی خواہشات کا ذکر کرتے ہوئے انشاءاللہ کہا تھا اور ایک لمبی اور صحت مند زندگی کی خواہش ظاہر کی تھی۔















