اٹک ریفائنری میں آئل ٹینکرز کی معطلی کے باعث اہم یونٹ بند ہو گیا، جس سے تیل کی فراہمی متاثر ہوئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اٹک ریفائنری میں تیل ٹینکرز کی نقل و حرکت معطل ہونے سے مرکزی کروڈ ڈسٹلیشن یونٹ کو بند کرنا پڑا، جس سے خام تیل کی فراہمی اور تیار مصنوعات کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔
اٹک ریفائنری لمیٹیڈ نے اعلان کیا ہے کہ ٹینکرز کی بندش کے باعث مرکزی کروڈ ڈسٹلیشن یونٹ، جس کی یومیہ گنجائش 32 ہزار 400 بیرل ہے، بند کر دیا گیا ہے۔
ریفائنری نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق ٹینکرز کی نقل و حرکت معطل ہونے سے خام تیل کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ سڑکوں کی بندش کے باعث خام تیل کی آمد میں کمی ہوئی ہے، جس سے ریفائنری آپریشنز متاثر ہو رہے ہیں۔ ترسیلی مسائل کے باعث موٹر اسپرٹ اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ترسیل میں بھی رکاوٹ ہے۔
واضح رہے کہ اٹک ریفائنری کی بنیاد 8 نومبر 1978 کو رکھی گئی تھی اور یہ اٹک آئل کمپنی لمیٹڈ (انگلینڈ) کی ذیلی کمپنی ہے۔















