وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں سکھ یاتریوں کے اعزاز میں کلچرل نائٹ منعقد کی، جس میں ثقافتی مظاہرے اور مہمان نوازی دکھائی گئی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور کے تاریخی حضوری باغ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سکھ یاتریوں کے اعزاز میں شاندار کلچرل نائٹ اور عشائیے کا اہتمام کیا۔ تقریب میں صوبائی وزرا، اعلیٰ حکام اور بڑی تعداد میں سکھ یاتریوں نے شرکت کی۔ پنجاب کی ثقافت، رواداری اور مہمان نوازی کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔
تقریب میں صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ دیگر اہم شخصیات میں صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، کمشنر لاہور اور ڈپٹی کمشنر شامل تھے۔
سکھ یاتریوں نے تقریب میں بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا۔ ڈھول کی تھاپ پر جھومتے یاتریوں نے ‘جو بولے سو نہال’ اور ‘پاکستان زندہ باد’ کے نعرے لگائے۔ مزاحیہ فنکاروں کی پرفارمنس نے تقریب کو مزید رنگین بنا دیا۔
رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ سکھ یاتریوں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات اور ثقافتی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔ حکومت پنجاب مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ سکھ یاتریوں کو لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر کروائی گئی تاکہ وہ پنجاب کے مثبت اور تاریخی تشخص سے آگاہ ہو سکیں۔ حکومت پنجاب اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر کام کر رہی ہے۔















