رواں مالی سال کے دوران تجارتی خسارے میں 23 فیصد اضافہ ہوا، جو تقریباً 28 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران تجارتی خسارے میں 23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو تقریباً 28 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق درآمدات میں 6.8 فیصد اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں پہلے نو ماہ کے دوران درآمدات کا مجموعی حجم 50 ارب 65 کروڑ ڈالر رہا۔
مزید تفصیلات کے مطابق پاکستانی شہریوں نے جولائی سے مارچ کے دوران 137 ارب روپے کی مقدار میں چائے پی، جبکہ غذائی اشیاء کی درآمد میں 15 فیصد اضافہ ہوا۔
موبائل فونز کی درآمد میں 28 فیصد اضافہ ہوا، جس میں 406 ارب روپے سے زائد مالیت کے اسمارٹ فونز شامل ہیں۔ ٹرانسپورٹ سیکٹر کی درآمدات میں 83 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا، جس کا حجم 2 ارب 90 کروڑ ڈالر رہا۔
یاد رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات اور ٹیکسٹائل کی درآمد میں کمی ہوئی، پیٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل 11 ارب ڈالر جبکہ ٹیکسٹائل کا حجم 4 ارب 87 کروڑ ڈالر رہا۔















