اسحاق ڈار نے برطانوی اور پولینڈ وزرا سے ملاقات میں ایران جنگ بندی پر گفتگو کی۔ پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) برطانوی وزیر داخلہ اور پولینڈ کے نائب وزیر اعظم نے پاکستانی نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں جنگ بندی میں توسیع اور دیگر امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
برطانوی وزیر داخلہ یوویٹ کوپر نے اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران جنگ بندی میں توسیع اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی بحالی پر بات چیت کی۔ یوویٹ کوپر نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے سفارتی کردار کا معترف ہے اور پاکستان نے مذاکرات میں سہولت کاری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پولینڈ کے نائب وزرائے اعظم نے پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات میں مثبت رفتار کو سراہا ہے۔ نائب وزرائے اعظم نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا عزم کیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ نائب وزرائے اعظم نے موجودہ علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی گہرائی سے تبادلہ خیال کیا۔ پولینڈ کے نائب وزیراعظم نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں سہولت فراہم کرنے کے پاکستانی کوششوں کو سراہا۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی سے خطے میں عدم استحکام کا خطرہ ہے، جس کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں۔












