وزیر خزانہ نے یو اے ای اور یورو بانڈز کی ری پیمنٹ کے انتظامات مکمل کرنے کا اعلان کیا۔ زرمبادلہ ذخائر مستحکم رکھنے پر زور دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ یو اے ای اور یورو بانڈز کی ری پیمنٹ کے لیے تمام انتظامات کر لیے گئے ہیں۔
وزیر خزانہ نے ایک غیر رسمی گفتگو میں ملکی معاشی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کشیدہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ زرمبادلہ ذخائر کو مستحکم رکھنے اور آئی ایم ایف کے اہداف کو پورا کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی بروقت ادائیگیوں کے لیے ضروری کمٹمنٹس پوری کی جائیں گی۔ کمرشل فنانسنگ اور بانڈز کے اجرا کی تیاریاں جاری ہیں، جبکہ بینکوں کے کنسورشیم سے مذاکرات ہو رہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ اپریل کے اختتام تک پانڈا بانڈز کے اجرا کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ حکومت کا منصوبہ ہے کہ 1 ارب ڈالر کے پانڈا بانڈز جاری کیے جائیں اور رواں مالی سال کے فنانسنگ اہداف کو پورا کیا جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان پہلی بار پانڈا بانڈز جاری کر رہا ہے جس کی وجہ سے وقت درکار ہے۔ کشیدہ خطے کی صورتحال کا ملکی معیشت پر اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔














