صدر ٹرمپ وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کو کسی بھی وقت عہدے سے فارغ کر سکتے ہیں۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) معروف امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کسی بھی وقت وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کو عہدے سے فارغ کر سکتے ہیں۔ پیٹ ہیگسیتھ کو اپنے عہدے سے ہٹائے جانے کا خوف ہے جس کے باعث وہ ممکنہ متبادل افسران کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
نیویارک پوسٹ کے مطابق، پیٹ ہیگسیتھ نے آرمی چیف آف اسٹاف سمیت تین اعلیٰ جنرلز کو عہدوں سے ہٹا دیا ہے، کیونکہ ان کے بعد آرمی سیکریٹری ڈین ڈریسکول کو وزیر جنگ بنائے جانے کی توقع ہے۔ ڈین ڈریسکول کو نائب صدر جے ڈی وینس کی حمایت حاصل ہے، جو ان کے دوست اور کلاس فیلو ہیں۔
ذرائع کے مطابق، وائٹ ہاؤس نے پیٹ ہیگسیتھ کو مزید اقدامات سے روکا ہے۔ ڈریسکول کی اہمیت روس یوکرین جنگ میں مذاکراتی کردار کے باعث بڑھ گئی ہے۔
واضح رہے کہ مارچ 2025 میں سگنل گیٹ واقعے کے بعد پیٹ ہیگسیتھ کو عدم تحفظ کا سامنا ہے۔ اس واقعے میں ان کی قومی سلامتی کے حکام کے ساتھ ہونے والی ایک نجی چیٹ میں غلطی سے ایک صحافی شامل ہو گیا تھا۔
یاد رہے کہ پیٹ ہیگسیتھ کو صدر ٹرمپ نے اپنے پہلے انتخاب میٹ گیٹس کو منظوری نہ ملنے کے بعد وزیر دفاع مقرر کیا تھا۔ ان کے عہدے کے دوران متعدد تنازعات سامنے آئے ہیں۔















