لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے یوم پاکستان کی تقریب میں کہا کہ پاکستان پڑوسی ممالک کی جارحیت برداشت نہیں کرے گا۔
لندن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے یوم پاکستان کے موقع پر لندن میں ایک تقریب میں کہا ہے کہ پاکستان پڑوسی ممالک کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا۔ تقریب میں پاکستانی پرچم لہرانے کے بعد ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے۔
تقریب میں ہائی کمیشن کے حکام، برطانوی، پاکستانی اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستانی قوم مشکلات کے باوجود ہمت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتی رہی ہے۔ انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی نمایاں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابیاں پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہیں۔
ہائی کمشنر نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ان کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا۔













