سڈنی دہشتگرد حملے کی مذمت، پاکستان نے آسٹریلیا سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سڈنی میں دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے آسٹریلوی حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متاثرین کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی صحتیابی کی دعا کی۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی سے متاثر رہا ہے اور ایسے حملوں کے درد کو سمجھتا ہے۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر پیغام دیا کہ پاکستان دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے اور آسٹریلوی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
واضح رہے کہ سڈنی میں یہودیوں کے تہوار کے دوران فائرنگ سے 12 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوئے، جن میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ پولیس نے فائرنگ کو دہشت گردی کا واقعہ قرار دیا۔















