پنجاب میں شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور 37 زخمی ہوئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناؤنیوز) پنجاب میں شدید بارشوں نے تباہی مچائی ہے، مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور 37 زخمی ہوئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق چھتیں اور دیواریں گرنے، کرنٹ لگنے کے واقعات پیش آئے۔
گوجرانوالہ میں بارش کے باعث 8 مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے۔ کامونکی میں بارش کے پانی میں ڈوب کر ایک بچہ جاں بحق ہوا۔ پاکپتن میں کچے مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جان سے گئے۔
ساہیوال کے کوٹ خادم علی شاہ میں چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوئی۔ لاہور میں چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے، جبکہ منڈی بہاؤالدین میں آٹھ افراد زخمی ہوئے۔ مری اور کہوٹہ میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل جاری رہنے کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ دریائے چناب کے خانکی مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ شہریوں کو دریاؤں کے کناروں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ترجمان نے دریا سندھ میں بھی سیلاب کی اطلاع دی ہے۔















