خیبر پختونخوا میں رواں سال دہشت گردی کے 1588 واقعات میں 502 شہری شہید اور 570 زخمی ہوئے۔
پشاور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبر پختونخوا میں رواں سال دہشت گردی کے واقعات میں جانی نقصان کی پولیس رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس سال دہشت گردی کے 1588 واقعات پیش آئے جن میں 223 شہری شہید اور 570 زخمی ہوئے۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان واقعات میں 137 پولیس اہلکار شہید جبکہ 236 زخمی ہوئے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 18 اہلکار بھی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ فیڈرل کانسٹیبلری کے 124 جوان شہید اور 244 زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مختلف کارروائیوں میں 348 دہشت گرد مارے گئے۔ بنوں ریجن میں سب سے زیادہ 394 کیسز درج ہوئے جہاں 41 پولیس اہلکار شہید اور 89 زخمی ہوئے۔ بنوں میں 54 شہری شہید اور 125 زخمی ہوئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان ریجن میں 152 مقدمات درج ہوئے، جہاں 137 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ شمالی وزیرستان میں 181 کیس رجسٹرڈ ہوئے اور یہاں 38 شہری شہید اور 182 زخمی ہوئے۔ جنوبی وزیرستان میں 103 کیس درج ہوئے، جہاں 39 شہری شہید اور 86 زخمی ہوئے۔















