کراچی میں 11 ماہ کے دوران 60 ہزار سے زائد جرائم، 80 افراد ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہوئے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی میں رواں سال کے 11 ماہ کے دوران 60 ہزار 700 سے زائد جرائم کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں، جن میں ڈکیتی مزاحمت پر 80 افراد جان سے گئے۔
سٹیزن پولیس لیژن کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق، 2025 کے دوران 35 ہزار 749 موٹرسائیکلز چوری ہوئیں جبکہ 6 ہزار 78 موٹرسائیکلز اسلحے کے زور پر چھینی گئیں۔
موبائل فونز کی چوری کے واقعات میں 16 ہزار 278 افراد موبائل سے محروم ہو گئے۔ گاڑیوں کی چوری کے واقعات میں 1 ہزار 728 گاڑیاں چوری ہوئیں جبکہ 284 گاڑیاں اسلحے کے زور پر چھینی گئیں۔
رواں سال 89 بھتہ خوری کے کیسز اور اغوا برائے تاوان کے 13 کیسز رپورٹ ہوئے۔ مختلف جرائم میں 528 افراد قتل ہوئے جبکہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے والے 80 افراد جاں بحق ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق، کراچی میں جرائم کی شرح میں تشویش ناک اضافہ ہوا ہے اور یہ اعدادوشمار صرف رپورٹ شدہ واقعات پر مشتمل ہیں۔















