تحقیق میں ہائی بلڈ پریشر کم کرنے کے لیے باقاعدگی سے سونے کا وقت مقرر کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ہائی بلڈ پریشر جیسے خاموش قاتل مرض سے بچاؤ کے لیے ہر رات ایک ہی وقت پر سونا مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ انکشاف اوریگن ہیلتھ اینڈ سائنس یونیورسٹی کی تحقیق میں ہوا جس میں 11 افراد کو شامل کیا گیا۔ ان کے نیند کے معمولات کا جائزہ لیا گیا اور ان سے سونے کا وقت مقرر کرنے کو کہا گیا۔ اس عمل سے ان کے 24 گھنٹے کے بلڈ پریشر میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
تحقیق کے دوران شرکاء کو دوپہر کو سونے سے منع کیا گیا اور سونے کے وقت کو باقاعدہ بنایا گیا۔ نتیجتاً ان کے دل کی صحت میں بہتری آئی اور امراض قلب کا خطرہ 10 فیصد کم ہوا۔ محققین نے اس طریقے کو ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے کا آسان حل قرار دیا۔
محققین کا کہنا تھا کہ مزید تحقیق کی ضرورت ہے، تاہم نتائج حوصلہ افزا ہیں۔ یہ تحقیق جرنل سلیپ ایڈوانسز میں شائع ہوئی۔














