لاہور کے شادمان میں ٹریفک وارڈن کی لاپرواہی سے نوجوان ہلاک ہوا، سی سی ٹی وی فوٹیج نے واقعے کی حقیقت واضح کر دی۔
لاہور: (رائیٹ ناؤ نیوز) لاہور کے علاقے شادمان میں ٹریفک وارڈن کی مبینہ لاپرواہی کے باعث ایک موٹر سائیکل سوار نوجوان ہلاک ہوگیا۔ اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹریفک وارڈن اچانک سڑک کے درمیان آکر موٹر سائیکل سوار کو روکنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس کوشش کے نتیجے میں نوجوان وارڈن سے ٹکرا کر فٹ پاتھ سے جا ٹکرایا، جس سے اس کے سر پر شدید چوٹیں آئیں۔
حادثے کے بعد شدید زخمی ہونے والے نوجوان زین کو فوری طور پر سروسز اسپتال منتقل کیا گیا۔ زین پانچ روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق واقعہ 26 اگست کی شام شادمان مارکیٹ یوٹرن پر پیش آیا۔ ٹریفک اسسٹنٹ نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر وہ آگے نکلنے کی کوشش میں وارڈن سے ٹکرا گیا۔
یاد رہے کہ ٹریفک اسسٹنٹ سلطان الحق کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا ہے۔ سی ٹی او نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی صدر زون کو انکوائری کا حکم دیا ہے۔















