جنوبی کیرولائنا کے ڈیرل پارکر نے جرابوں کا عالمی ریکارڈ توڑنے کی کوشش شروع کر دی ہے۔ ان کے پاس 2000 سے زائد جوڑے موجود ہیں۔
جنوبی کیرولائنا: (رائیٹ ناؤنیوز) ایک امریکی شہری نے دنیا میں جرابوں کا سب سے بڑا مجموعہ رکھنے کا ریکارڈ توڑنے کی کوشش شروع کر دی ہے۔ ان کے پاس اس وقت 2000 سے زائد جرابوں کے جوڑے موجود ہیں۔
نارتھ آگسٹا کے ریٹائرڈ فائر فائٹر ڈیرل پارکر نے بتایا کہ جرابیں جمع کرنے کا شوق انہیں فادرز ڈے پر ملنے والے ایک تحفے سے ہوا۔ بعد ازاں مختلف مواقع پر مزید جرابیں تحفے میں ملتی رہیں۔
ڈیرل پارکر نے کہا کہ ان کی اہلیہ نے ان کی توجہ دلائی کہ ان کے پاس بہت زیادہ جرابیں جمع ہو چکی ہیں۔ پوتے پوتیوں کے مشورے پر انہوں نے گینیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کی کوشش کا ارادہ کیا۔
یاد رہے کہ اس وقت سب سے بڑے جرابوں کے مجموعے کا عالمی ریکارڈ سابق سی بی ایس فلیڈیلفیا نیوز اینکر جم ڈونووان کے پاس ہے، جن کے پاس 1531 منفرد جوڑے ہیں۔
ڈیرل پارکر کا کہنا ہے کہ وہ سال کے اختتام تک مزید جرابیں جمع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور پھر گینیز ورلڈ ریکارڈز کے لیے تصدیق جمع کرائیں گے۔












