کراچی میں پاکستانی ساختہ ڈرون جیمر ‘صفرا’ کی رونمائی

پاکستانی ساختہ ڈرون جیمر ‘صفرا’ کراچی میں لانچ، ڈرونز کو مفلوج کرنے کی صلاحیت۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس ایکسپو میں پاکستانی ساختہ ڈرون جیمر گن ‘صفرا’ کو لانچ کر دیا گیا۔ یہ جدید ڈرون جیمر انتہائی بلندی پر اڑنے والے ڈرونز کو مفلوج کرنے اور زمین پر اتارنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کراچی ایکسپو میں جاری پاکستان نیوی کے دفاعی اور سائنسی آلات کی نمائش میں ‘صفرا’ کی رونمائی ہوئی، جس میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈرون کو جیمر گن سے ناکارہ بنانے کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔ ‘صفرا’ کو نیشنل الیکٹرونکس کمپلیکس آف پاکستان نے تیار کیا ہے۔

ڈاکٹر آصف مغل، نیشنل الیکٹرونکس کمپلیکس کے سینئیر ڈائریکٹر نے میڈیا کو بتایا کہ ‘صفرا’ نامی یہ جیمر بیک وقت جی پی ایس، ریڈیو اور ویڈیو کا سراغ لگا کر ہدف کو نشانہ بناتا ہے۔ یہ ڈرون کو زمین پر لینڈ کرانے کی مہارت بھی رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس جیمر میں دو بیٹریاں نصب ہیں، جن میں سے ہر ایک 40 منٹ تک فعال رہ سکتی ہے۔ ‘صفرا’ کا دائرہ کار 1500 میٹر بلندی پر 550 میٹرز افقی اور 350 میٹرز عمودی ہے، جس میں موجود ڈرونز کے نظام مکمل طور پر مفلوج ہو جاتے ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں