پاکستان اور میٹا کا مشترکہ اے آئی تربیتی پروگرام شروع، 1 ہزار کاروباری افراد کو ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت دی جائے گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) میٹا اور پاکستان نے چھوٹے کاروباری اداروں کی ڈیجیٹل ترقی کے لیے اے آئی تربیتی پروگرام شروع کر دیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد کاروباری ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
پروگرام کے تحت 9 شہروں میں 1 ہزار سے زائد کاروباری افراد کو اے آئی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی تربیت دی جائے گی۔ اس کا خصوصی فوکس خواتین کی قیادت میں چلنے والے کاروباروں پر ہے۔
کاروباری افراد کو آن لائن صارفین تک رسائی اور اے آئی ٹولز کے استعمال کی تربیت دی جائے گی۔ پروگرام کے ذریعے ورکشاپس اور آن لائن ٹریننگ سیشنز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
یہ اقدام میٹا کے ایشیا پیسیفک خطے کے 12 ممالک کے اسمال بزنس ٹریننگ پروگرام کا حصہ ہے۔ اس سے پاکستانی کاروباروں کو ملکی و عالمی منڈیوں تک رسائی میں مدد ملے گی۔
یاد رہے کہ اے آئی اور ڈیجیٹل مہارتوں کا فروغ چھوٹے کاروباری اداروں کو جدید معیشت سے جوڑنے کی جانب اہم قدم ہے۔














