آبنائے ہرمز کی بندش سے ہاپگ لائیڈ کا منافع 83 ملین ڈالر تک کم ہوا، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں 306 ملین ڈالر تھا۔
برلن: (رائیٹ ناؤنیوز) جرمنی کی معروف شپنگ کمپنی ہاپگ لائیڈ نے بتایا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث آبنائے ہرمز کی بندش کے نتیجے میں کمپنی کو رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں تقریباً 600 ملین ڈالر کا مالی نقصان ہوا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ اپریل سے جون کے دوران کمپنی کا خالص منافع کم ہو کر 83 ملین ڈالر رہ گیا، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں کمپنی نے 306 ملین ڈالر کا خالص منافع حاصل کیا تھا۔
کمپنی کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد بحری جہازوں کو اپنے روٹس تبدیل کرنا پڑے جس سے شپنگ کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا۔
کمپنی نے یہ بھی بتایا کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد ایندھن، انشورنس، اسٹوریج، بحری راستوں کی تبدیلی اور اندرون ملک نقل و حمل جیسے اضافی اخراجات بھی برداشت کرنا پڑے۔
یاد رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے اہم سمندری گزرگاہ ہے، اس کی بندش سے عالمی شپنگ انڈسٹری کی آمدنی اور اخراجات متاثر ہوتے ہیں۔














