یورپ میں مکمل سورج گرہن کا شاندار منظر، اسپین میں شہریوں نے سورج کا 99 فیصد حصہ چاند کے پیچھے چھپتا دیکھا۔
میڈرڈ: (رائیٹ ناؤ نیوز) یورپ میں تقریباً دو دہائیوں بعد مکمل سورج گرہن کا نظارہ ہوا، جس نے لاکھوں لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کرلیا۔ سپین، آئس لینڈ اور پرتگال سمیت مختلف ممالک میں شہریوں نے یہ نادر فلکیاتی منظر دیکھا۔
یورپ کے مختلف علاقوں میں 12 اگست 2026 کو سورج گرہن کا یہ نظارہ ہوا۔ گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین اور پرتگال کے کچھ حصوں میں مکمل گرہن دیکھا گیا، جبکہ باقی علاقوں میں جزوی گرہن کا مشاہدہ کیا گیا۔
اسپین میں سورج گرہن کے مکمل مرحلے کے لیے شہری بڑی تعداد میں اکٹھے ہوئے۔ حکام نے گرہن کے مشاہدے کے لیے مقامات مخصوص کیے، جبکہ لاکھوں افراد نے مختلف شہروں کا رخ کیا۔
ناسا کے مطابق میڈرڈ اور بارسلونا میں سورج کا 99 فیصد حصہ چاند کے پیچھے چھپ گیا۔ ان شہروں میں مکمل کے بجائے تقریباً مکمل جزوی گرہن دیکھا گیا، اور شہریوں نے اس فلکیاتی مظہر کو خوب سراہا۔
یاد رہے کہ 1999 کے تاریخی مکمل سورج گرہن کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب یورپ کے بڑے حصے میں مکمل گرہن دیکھا گیا۔ یورپی خلائی ایجنسی کے مطابق، آخری مکمل سورج گرہن 2006 میں نظر آیا تھا۔














