محکمہ آبپاشی بلوچستان میں 2024 کی نیلامیوں میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کی تحقیقات شروع، انتظامی طریقہ کار پر سوالات۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناؤ نیوز) محکمہ آبپاشی بلوچستان میں 2024 کے دوران گاڑیوں اور بھاری مشینری کی نیلامیوں میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
کوئٹہ میں فروری اور اکتوبر 2024 کی نیلامیوں میں 70 سے زائد گاڑیاں اور مشینری فروخت کی گئیں۔ ان میں لینڈ کروزر، ڈبل کیبن، ٹرک، ٹینکر، ڈوزر، ٹریکٹر اور ایکسکیویٹر شامل تھے۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان نے نیلامیوں میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیاں اور مشینری انتہائی کم قیمت پر فروخت کی گئیں۔
ان معاملات پر انتظامی طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ محکمے کے چیف انجینئر نے نیلامی کی مخالفت کی تھی، مگر گاڑیاں نیلام کردی گئیں۔
واضح رہے کہ مخصوص ٹھیکیداروں کو نوازنے کا الزام بھی سامنے آیا ہے۔ ڈی جی اینٹی کرپشن بلوچستان نصیب اللہ کاکڑ کی سربراہی میں تحقیقات جاری ہیں۔














