اسلام آباد میں 200 غیر ملکی باشندوں کی گرفتاری سے این سی سی آئی اے کو مشکلات کا سامنا ہے، گرفتار افراد غیر قانونی کال سینٹرز میں ملوث تھے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) نجی سوسائٹی سے 200 غیر ملکی باشندوں کی گرفتاری نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے لیے مشکل ثابت ہو رہی ہے۔ گرفتاریاں ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی عمارت سے کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے کے پاس گرفتار افراد کو رکھنے کی جگہ اور مطلوبہ عملہ دستیاب نہیں ہے۔ ضلعی انتظامیہ سے درخواست پر عمارت کو عارضی سب جیل قرار دیا گیا ہے۔
حکام نے گرفتار افراد کو عارضی سب جیل میں رکھا ہے۔ غیر ملکی باشندے غیر قانونی کال سینٹرز چلا رہے تھے۔
یہ معاملہ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ گرفتار افراد چین، ویت نام، انڈونیشیا اور ملائیشیا کے شہری ہیں۔ یہ افراد وزٹ ویزے پر پاکستان آکر غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھے۔
واضح رہے کہ ان غیر قانونی کال سینٹرز کا سراغ شراب برآمدگی کیس کی تفتیش کے دوران ملا، جس کے بعد کارروائی کی گئی۔














