آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کو برتری ملی، اگلے ہفتے اسپیکر اور وزیراعظم کا انتخاب ہوگا جو مستحکم حکومت کے قیام کا امکان ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کے تینوں مراحل مکمل ہوچکے ہیں۔ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل ہوئی ہے۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تیسرے مرحلے کے اختتام پر مسلم لیگ (ن) 24 نشستیں حاصل کر چکی ہے۔ فارمولے کے تحت 3 خواتین اور 3 دیگر مخصوص نشستیں بھی ن لیگ کو ملیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مخصوص نشستوں میں اوورسیز، ٹیکنوکریٹ اور علماء و مشائخ کی سیٹیں شامل ہیں۔ مخصوص نشستوں کے بعد مسلم لیگ ن کی کل نشستوں کی تعداد 30 ہو جائے گی۔ اگلے ہفتے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اگلے ہفتے ہی اسپیکر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کا انتخاب بھی مکمل کیا جائے گا۔ آزاد کشمیر میں ایک مستحکم اور مضبوط حکومت قائم ہونے جارہی ہے۔
یاد رہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات صاف، شفاف اور کریڈیبل ہوئے ہیں۔ شفاف الیکشن سے الیکشن کمیشن، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے۔













