سوراب، بلوچستان میں دیسی بم پھٹنے سے 8 دہشتگرد ہلاک، 3 شہری جاں بحق۔ سکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناؤ نیوز) بلوچستان کے ضلع سوراب میں گاڑی میں نصب دیسی ساختہ بم قبل از وقت پھٹنے سے 8 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے نزدیکی علاقے میں 3 شہری بھی جاں بحق ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ دہشتگردوں کی جانب سے ذخیرہ کیے گئے بارودی مواد کے ثانوی دھماکے بھی ہوئے۔ واقعے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس نے موقع پر پہنچ کر کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش کے لیے مؤثر کارروائی کی گئی۔ اس کارروائی میں مزید 10 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
ان واقعات میں اب تک فتنہ الہندستان سے وابستہ 18 دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان بھی زخمی ہوئے۔ علاقے میں دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
واضح رہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے سکیورٹی فورسز کی دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ تاکہ غیر ملکی حمایت یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔














