چیٹ جی پی ٹی نے تکنیکی مہارت کے بغیر آن لائن کمائی کے مواقع پیدا کر دیے ہیں، جو پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کا مؤثر ذریعہ بن سکتے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ، چیٹ جی پی ٹی، نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں آن لائن آمدنی کے نئے راستے کھول دیے ہیں۔ انویسٹوپیڈیا کی رپورٹ کے مطابق، وہ افراد بھی چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے پیسہ کما سکتے ہیں جن کے پاس تکنیکی مہارت نہیں ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے کنٹینٹ رائٹنگ، سوشل میڈیا مینجمنٹ، آن لائن ٹیوشن، ترجمہ، ڈیجیٹل مصنوعات کی تیاری، ورچوئل اسسٹنٹ کی خدمات، ریزیومے اور کور لیٹر لکھنے جیسے کام آسان ہو گئے ہیں۔ یہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار کا مؤثر ذریعہ بن سکتے ہیں۔
پاکستان میں پہلے ہی ہزاروں نوجوان فری لانسنگ پلیٹ فارمز پر کام کر رہے ہیں اور چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے وہ اپنی پیداوار بڑھا سکتے ہیں۔ اس کے ذریعے بلاگز، ویب سائٹس، سوشل میڈیا پوسٹس، اشتہارات اور آن لائن بزنس کے لیے مواد تیزی سے تیار کیا جا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ڈیجیٹل مصنوعات جیسے ای بکس، نوٹ شیٹس، اسٹڈی گائیڈز اور آن لائن کورسز بھی چیٹ جی پی ٹی کے ذریعے تیار کر کے فروخت کیے جا سکتے ہیں۔ یہ سہولت طلبہ، اساتذہ، گھریلو خواتین اور جزوقتی فری لانسرز کے لیے فائدہ مند ثابت ہو رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پاکستانی نوجوان اس ٹیکنالوجی کو درست طریقے سے استعمال کریں تو ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔















