راولپنڈی میں نان بائیوں کو آٹے کی فراہمی بند ہونے سے تندور بند کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ سرکاری آٹے کی عدم دستیابی کے باعث نان بائی مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
راولپنڈی: (رائیٹ ناؤنیوز) راولپنڈی میں نان بائی ایسوسی ایشن نے آٹے کی ترسیل بند ہونے پر تندور بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے آٹے کی ترسیل معطل ہونا باعث تشویش ہے۔
نان بائی ایسوسی ایشن نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے راولپنڈی کے نان بائیوں کو آٹے کی فراہمی بند کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اس کی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ نان بائی سستا آٹا نہ ملنے پر مارکیٹ سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔ جس کی وجہ سے روٹی سرکاری ریٹ پر فروخت کرنا ممکن نہیں رہا ہے۔
تنظیم کے مطابق راولپنڈی کے 4600 نان بائیوں میں سے صرف 200 کو سرکاری آٹا ملتا تھا جو اب بند کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سستا آٹا باہر فروخت کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ صدر نان بائی ایسوسی ایشن شفیق قریشی نے کہا ہے کہ اگر فوری آٹے کی ترسیل شروع نہ ہوئی تو 14 اگست کے بعد شہر بھر کے تندور بند کر دیے جائیں گے۔















