نیدرلینڈز نے امریکہ سے 86 ٹن سونا لندن منتقل کر دیا، اس اقدام کا مقصد مالیاتی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔
لندن: (رائیٹ ناؤ نیوز) نیدرلینڈز نے اپنے سونے کے ذخائر کا 86 ٹن امریکہ سے لندن منتقل کر دیا ہے۔ یہ اقدام عالمی جغرافیائی کشیدگی اور معاشی غیر یقینی کی صورتحال میں مالیاتی استحکام کو مضبوط بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
ڈچ مرکزی بینک کے مطابق، مارچ سے اگست تک یہ منتقلی مکمل کی گئی۔ سونا بینک آف انگلینڈ کے محفوظ خزانوں میں رکھا گیا ہے۔ نیدرلینڈز کے پاس امریکہ اور کینیڈا میں مجموعی طور پر 313 ٹن سونا موجود تھا۔
مرکزی بینک حکام نے بتایا ہے کہ منتقلی کا مقصد فوری بحران کی پیش گوئی نہیں، بلکہ ملک کو کسی ممکنہ بحران سے نمٹنے کے لیے مضبوط بنانا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل فرانس اور جرمنی بھی اپنے سونے کے ذخائر کی واپسی کا اعلان کر چکے ہیں۔ نیدرلینڈز کا یہ اقدام ان ہی ممالک کی پیروی میں کیا گیا ہے۔
ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق، مرکزی بینک تجارتی تنازعات، جنگوں اور مہنگائی کے باعث ذخائر پر مکمل کنٹرول چاہتے ہیں۔ پچھلے چار سالوں میں سالانہ 1000 ٹن سونا خریدا گیا ہے۔















